پاک فوج نے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے “فتح-3” (Fatah-3) سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیا ویپن سسٹم جدید ترین نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو سپرسونک رفتار سے طویل فاصلے تک اپنے اہداف کو انتہائی درستگی اور تباہ کن صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور قابلیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فتح-3 میزائل کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور ہدف کو نشانہ بنانے کی پہنچ (اسٹرائیک رینج) میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ملک کے مجموعی روایتی دفاعی نظام اور ڈیٹرنس کو مزید تقویت ملے گی۔
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے فتح-3 کے کامیاب تجربے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دی اور ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں و انجینئرز کی محنت اور لگن کو سراہا۔





