Roze News

ٹرمپ نے جنرل کرسٹوفر لانیو کو امریکی فوج کا نیا چیف آف اسٹاف نامزد کر دیا

نیا چیف آف اسٹاف

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل کرسٹوفر لانیو کو امریکی فوج کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کرنے کے لیے نامزد کر دیا ہے، لانیو اس وقت قائم مقام چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جنرل لانیو اس سے قبل وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کے سینئر فوجی معاون رہ چکے ہیں،انھیں رواں سال فروری میں فوج کا وائس چیف آف اسٹاف مقرر کیا گیا تھا، جب کہ اپریل میں ہیگسیتھ کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل رینڈی جارج کو اچانک برطرف کیے جانے کے بعد لانیو نے قائم مقام چیف کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

کرسٹوفر لانیو نے امریکی فوج میں 36 سال خدمات انجام دی ہیں اور 82 ویں ایئربورن ڈویژن اور جنوبی کوریا میں آٹھویں فوج سمیت اہم کمانڈز سنبھال چکے ہیں۔ تاہم ان کی مستقل تقرری آسان نظر نہیں آ رہی، سینیٹ میں بعض ریپبلکن ارکان سمیت قانون سازوں نے ہیگسیتھ کے قریبی سمجھے جانے والے کرس لانیو کی نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، اب سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی ان کی نامزدگی کا جائزہ لے گی۔

رپورٹس کے مطابق یہ نامزدگی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکی فوج کی اعلیٰ قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوئی ہیں اور وسط مدتی انتخابات کے بعد آئندہ سال کانگریس کا کنٹرول بھی ڈیموکریٹس کے پاس جانے والا ہے، جس سے کرسٹوفر لانیو کی توثیق کا عمل مزید سیاسی اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔