Roze News

حضرت عمرؓ پر سوال ہو سکتا ہے، مولانا پر کیوں نہیں؟ آئین پر بلاول کی پرفارمنس زیرو ہے، طلال چوہدری

طلال چوہدری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حضرت عمرؓ پر سوال ہو سکتا ہے تو مولانا فضل الرحمن پر کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ بلاول آئین کے چیمپئن بنتے ہیں، ان کی آئین پر پرفارمنس زیرو ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیا اور کہا کہ بلاول بھٹو نے کل اپنی طرف سے بڑا دھواں دار بیانیہ دیا، وہ آئین کے چیمپئن بنتے ہیں اور جمہوریت کے لیے لمبی لمبی تقریریں کرتے ہیں، انہیں تھیوری تو آتی ہے لیکن آئین کے حوالے سے ان کی پرفارمنس زیرو ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ آئین یہ نہیں کہتا کہ اپنی پسند کی شقوں کو ٹھیک اور باقی کو غلط قرار دیا جائے۔ پاکستان میں 3 صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، 3 صوبوں کے سربراہ ان کے ہیں، اس کے باوجود وہ ایسا تاثر دیتے ہیں جیسے ان کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے 5 بچوں کے بعد خاتون اپنے شوہر سے کہے کہ مجھے محبت نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ 70 فیصد پاکستان میں حکمرانی آپ کی ہے، آپ کہتے ہیں ایڈمنسٹریٹو یونٹس بننے چاہییں، ایڈمنسٹریٹو یونٹس کا مطلب ہے کہ عام آدمی تک سہولیات نہیں پہنچ رہیں۔ آپ کا مؤقف یہ ہے کہ جس صوبے میں گورننس اچھی نہیں، وہ تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور جہاں اچھی حکومت ہے، اس کو تبدیل کیا جائے۔آپ ایڈمنسٹریٹو یونٹس والے معاملے پر ووٹ ڈال دیں اور پھر پریس کانفرنس کرکے کہیں کہ طاقت کے باعث ووٹ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اسمبلی میں کہا کہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے، پھر آپ نے بینظیر بھٹو کی تقریروں کا حوالہ دیا، آج آپ کہتے ہیں زبردستی ووٹ دیا۔ اگر طاقت اس لیے اپنے پاس رکھنی ہے کہ وسائل اپنے پاس رکھنے ہیں تو اس کا کیا مطلب ہے؟ آپ نے کہا سندھ کی گلیوں میں خون بہے گا، کیا ووٹ دینے سے خون رکتا ہے یا بہتا ہے؟

طلال چوہدری نے کہا کہ آپ کی 17 سال کی حکمرانی نے سندھیوں کا خون نچوڑ لیا ہے، پہلے دیکھ لیں سندھیوں میں خون بچا بھی ہے یا نہیں۔ آپ آدھے آئین کو ماننا چاہتے ہیں اور اپنے ہی بنائے گئے آدھے آئین کو کہتے ہیں کہ یہ ٹھیک بنا ہی نہیں۔ جمہوریت میں پرفارمنس بھی ہوتی ہے۔