1947ء سے آج تک جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے، جو جیل جاتا ہے وہ پھر وزیراعظم ہاؤس جا کر بیٹھتا ہے، ہمارے ساتھ نسل در نسل یہ کرتے آرہے ہیں، پھر کہتے ہیں سسٹم کولیپس ہوچکا؛ چیئرمین پی پی کا مؤقف
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر انتہائی سخت اور دوٹوک مؤقف اپنایا ہے، انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کسی اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت کے ذریعے منظور کرائی گئی، نظام کی خرابی پر بات ہورہی ہے اصل وجوہات پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے 27ویں آئینی ترمیم پر کھل کر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس اہم آئینی عمل کو اتفاق رائے سے طے کرنے کے بجائے طاقت اور جبری اکثریت کے بل بوتے پر منظور کروایا گیا، یہ کیسا عجیب ملک ہے جہاں 1947ء سے لے کر آج تک جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے، اور جو جیل جاتا ہے وہ پھر کل کو وزیراعظم ہاؤس میں جا کر بیٹھ جاتا ہے، تم ہمارے ساتھ نسل در نسل یہی سب کرتے آ رہے ہو اور پھر حیرت سے پوچھتے ہو کہ سسٹم کولیپس کیوں ہوگیا؟ کمر تم نے خود توڑی اور پھر پوچھتے ہو کہ گرے کیوں؟۔
ملکی نظام کو بدلنے یا ریفرنڈم کرانے کی تجاویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کی تجویز دینا دراصل کسی غیر آئینی طریقے کو تلاش کرنے کے مترادف ہے، محسن بھائی کرنا کیا چاہتا ہے؟ ہم ہر غیر آئینی طریقے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، سسٹم کے کولیپس ہونے کا جو علاج تجویز کیا جا رہا ہے، وہ اس اصل مرض کا علاج ہے ہی نہیں جس کی وجہ سے یہ نظام تباہ ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر انسان سے غلطی ہو سکتی ہے لیکن وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ ان ماضی کی غلطیوں کو فوری طور پر درست کیا جائے، یہ بات تو تسلیم شدہ ہے کہ لاہور سے شروع ہو کر سسٹم کولیپس ہوچکا لیکن یہ کوئی نہیں سوچتا کہ یہ نظام آخر کیوں اور کیسے کولیپس ہوا؟ آج نظام میں جو بھی اہم عہدوں پر بیٹھا ہے، وہ مولانا فضل الرحمان کی قربانیوں کی بدولت ہے، اس لیے کم از کم اس بات کا لحاظ اور حیا ہونی چاہیئے۔
حکومت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزیراعظم کا اپنا وزیر ہی وزیراعظم کو کمزور کر رہا ہے اور پھر یہ شکوہ کیا جاتا ہے کہ سسٹم کولیپس ہو گیا ہے، وزیراعظم کے پاس کم از کم اتنا اختیار تو ضرور ہونا چاہیے کہ وہ اپنے ماتحت وزیر کو کنٹرول کر سکے، ہماری اور آپ کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم حکمرانوں کو بار بار یاد دلائیں کہ وہ اقتدار میں عوام کی خدمت کرنے بیٹھے ہیں نہ کہ کسی کو خوش کرنے کے لیے حکومت میں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملکی سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور مخصوص نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ ملک کے سیاسی نظام کو مستحکم کرنے اور پارلیمان کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے عمران خان، پاکستان تحریک انصاف اور مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔
کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عمران خان کا نام لینا سیکھو اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ساتھ عمران خان اور پی ٹی آئی کا بھی اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہمیں کوئی پسند ہو یا نہ ہو، تمام سیاسی جماعتیں ملک کی اسٹیک ہولڈر ہیں اور ان کے بغیر ملک کا نظام نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی مخصوص نشستیں اپنی جیب میں ڈال کر حکومتی بینچوں پر بیٹھنا جمہوریت نہیں ہے، اس لیے یہ مخصوص نشستیں ہر صورت اپوزیشن کو واپس کرنا ہوں گی اور سیاسی قیدیوں کو بھی آزاد کرنا پڑے گا کیونکہ آج نہیں تو کل یہ سب کچھ ہونا ہی ہے۔
ملک کی آئینی و پارلیمانی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا کہ 27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت کے ذریعے منظور کروائی گئی، حکومت مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کا سنجیدگی سے جواب دے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں نے ہی یہ کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے، اگر واقعی یہ چاہا جاتا ہے کہ سسٹم ری سیٹ ہو اور پارلیمان درست طریقے سے کام کرے تو سیاست میں انتقامی کارروائیوں کی روایت کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں نظام کے کولیپس ہونے کی اصل اور بنیادی وجوہات پر بات کرنے کے بجائے صرف سطحی علاج پر توجہ دی جا رہی ہے، اور جب تک ان بنیادی وجوہات کا حل تلاش نہیں کیا جائے گا، نظام کو مستحکم کرنا ممکن نہیں ہوگا، 1947ء سے لے کر آج تک یہی روایت چلی آ رہی ہے کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے اسے جیل جانا پڑتا ہے اور جو جیل جاتا ہے وہ پھر دوبارہ وزیراعظم ہاؤس میں جا کر بیٹھ جاتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسل در نسل ہمارے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے اور پھر شکوہ کیا جاتا ہے کہ سسٹم کولیپس ہو چکا ہے، اس موقع پر انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خان صاحب نے ایک بار اپنی تقریر میں درست سوال اٹھایا تھا کہ “کیا ہم سب چیونٹیاں ہیں؟
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی جبری تقسیم اور ریفرنڈم کی مبینہ تجاویز پر انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سندھ کی تقسیم زور زبردستی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے انتہائی خطرناک اور تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔
کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ زور زبردستی کے ذریعے سندھ کی تقسیم کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا، اس پر کڑی بازپرس اور سوالات کیے جائیں گے، صوبے کی زبردستی تقسیم معاشرے کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گی اور یہ دشمنی کی حد تک چلی جائے گی، ایسی صورت میں عام آدمی ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائے گا اور یہ خون خرابا کسی ایک مقام تک محدود نہیں رہے گا، سندھ کی تقسیم کے معاملے پر صوبائی اسمبلی نے ایک نہیں بلکہ دس بار اپنا واضح مؤقف اور قرارداد پیش کرکے ردعمل دے دیا ہے۔
رہنماء پی ٹی آئی سینیٹر مشعال یوسفزئی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہت دیر ہوچکی ہے، ہمِیں آپ کے قول پر بھروسہ نہیں، آپ کو بھی عملی اقدامات کر کے اپنے فعل سے ثابت کرنا ہوگا۔ایکس پر اپنے بیان میں سینٹر مشعال یوسفزئی نے کہا کہ جو خود پہ آئی تو یاد آیا ؟ بلاول صاحب بسم اللّٰہ کرے اور اپنی پارٹی کی مال غنیمت پر بنی ایم پی ایز ، ایم این ایز سے کہے کہ استعفیٰ دے ، ان کے تو خیبر پختونخوا سے دو سینیٹرز بھی اسی چھینی گئی مخصوص نشستوں کی وجہ سے بنے ہیں ۔یہی گزارش مولانا فضل الرحمان صاحب کے لیے بھی ہے کیونکہ اب گفتار کے غازی بننے کا وقت گزر چکا ہے ، بہت دیر ہوچکی ہے ۔ہمِیں آپ کے قول پر بھروسہ نہیں ، آپکو بھی عملی اقدامات کر کے اپنے فعل سے ثابت کرنا ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کے پاس اتنا اختیار تو ہونا چاہیئے کہ اپنے وزیر کو کنٹرول کریں، اگر وزیراعظم اپنے ہی وزیر کو کنٹرول نہیں کرسکتے تو پھرواقعی سسٹم بیٹھ چکا ہے، وزیر اپنے ہی وزیراعظم کو کمزور کرواتے ہیں پھر کہتے ہیں کہ سسٹم تباہ ہوگیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ ملک کا سسٹم خودبخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے باقاعدہ تباہ کرایا گیا ہے، اس خرابی میں میرا اپنا بھی ہاتھ ہے اور میں خود بھی اس کا قصوروار ہوں، میں آج فکرمند اس بات پر ہوں کہ غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا بنے گا کیونکہ موجودہ حالات میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کی جا رہی ہے لیکن عوام کے اصل مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، اگر سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے اور ریاست کے اداروں پر عوام کا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔





