دبئی: مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کے تیسرے طیارہ بردار بحری جہاز کی آمد کے بعد ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔اس صورتحال میں یہ سوال بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ کیا روس اپنی جدید سیٹلائٹ نگرانی کی صلاحیت کے ذریعے ایران کو امریکی حملے سے پہلے خبردار کرنے میں مدد دے رہا ہے۔خلیج نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ مشرقِ وسطیٰ پہنچ گیا ہے، جہاں وہ پہلے سے موجود یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش اور یو ایس ایس جارج واشنگٹن کے ساتھ امریکی بحری موجودگی کا حصہ بن گیا ہے۔
امریکی بحری طاقت میں اضافے کے باوجود واشنگٹن کی جانب سے متضاد اشارے سامنے آرہے ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز نے 14 نومبر کو رپورٹ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران یا اس کے اتحادیوں کی جانب سے کسی نئی اشتعال انگیزی کے بغیر مزید حملوں کو مؤخر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی 27 اکتوبر کو شائع ہونے والی تحقیق میں جولائی سے اکتوبر کے دوران ایران نواز گروہوں کے 40 میزائل اور ڈرون حملوں سے پہلے اور بعد میں روسی جاسوس سیٹلائٹس کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق جغرافیائی انٹیلی جنس منصوبے اے یو آر او آر اے کے محققین نے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات اور فوجی اڈوں کے اوپر روسی جاسوس سیٹلائٹس کی نقل و حرکت ریکارڈ کی۔ ان مقامات میں سعودی عرب کی مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کے بعض حصے اور فوجی تنصیبات بھی شامل تھیں۔اے پی کے مطابق سعودی حکام، حوثی گروپ کے ایک سینئر رہنما اور انٹیلی جنس تجزیہ کاروں نے بتایا کہ روسی معلومات نے ایران نواز گروہوں کی مدد کی تھی۔ تاہم اے یو آر او آر اے نے تسلیم کیا کہ اس کے پاس روسی سیٹلائٹس سے حاصل ہونے والی معلومات ایران یا اس کے اتحادیوں کو منتقل کیے جانے کا براہِ راست ثبوت موجود نہیں۔





