کراچی پورٹ پر کراچی اور سندھ کے لیے رومانیہ سے درآمدی گندم کا جہاز لنگر انداز ہو گیا۔ ایم وی کارا وس 58 ہزار 488 میٹرک ٹن درآمدی گندم لے کر کے جی ٹی ایل کی برتھ نمبر 14 اور 15 پر لنگر انداز ہوا۔گندم بحران پر قابو پانے کے لیے درآمدی گندم کا تیسرا جہاز کے جی ٹی ایل ٹرمینل پر پہنچ گیا ہے۔ کراچی پورٹ پر ایک لاکھ ٹن سے زائد گندم لے کر 2 بلک کیریئر لنگر انداز ہیں۔
گریٹ رینبو خیبر پختونخوا کے لیے 50 ہزار ٹن سے زائد درآمدی گندم کے جی ٹی ایل پر ڈسچارج کر رہا ہے۔ ٹی سی پی نے تاحال تین جہازوں کے ذریعے ایک لاکھ 60 ہزار ٹن سے زائد گندم درآمد کر لی ہے۔سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے لیے درآمدی گندم کی بڑی کھیپیں لے کر تین جہاز کراچی پہنچ چکے ہیں۔ درآمدی گندم کی مسلسل آمد کے باوجود ملک میں گندم کا بحران جاری ہے۔
گندم کی بڑی درآمد کے بعد بھی مارکیٹ میں رسد بہتر ہونے کے باوجود گندم اور آٹا مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ کراچی کے لیے درآمدی گندم کی آمد سے آٹے کی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے، جب کہ گندم کی مسلسل درآمد سے ذخائر میں اضافے اور عوام کو آٹے کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کی امید ہے۔





