Roze News

امریکا شرائط تسلیم کرتا ہے تو دو دن میں آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں، عباس عراقچی

عباس عراقچی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ایران نے آبنائے ہرمز کی بندش ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا تہران کی پیش کردہ شرائط مان لے تو اہم عالمی بحری گزرگاہ صرف 48 گھنٹوں میں کھولی جاسکتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جاری جنگ ختم کرانے کی کوششوں اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے ایران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران سفارتی حل کے لیے تیار ہے اور اگر واشنگٹن ایران کی شرائط قبول کرلیتا ہے تو آبنائے ہرمز کھولنے میں مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق پاکستان کی ثالثی کی کوششیں قابل اطمینان ہیں۔

دوسری جانب ای سی او وزارتی کونسل کے 30 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکن ممالک کے درمیان تجارت، مواصلاتی روابط اور توانائی کے شعبے میں اشتراک بڑھانا خطے کے مشترکہ مفادات کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کے فروغ سے بیرونی خطرات اور انحصار کم کرنے کے ساتھ معاشی استحکام اور خود کفالت کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ ایک جدید اور مؤثر تجارتی معاہدہ رکن ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور خطے کے عوام کے لیے نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔