عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک پاکستان کے آئین، جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، عدالتی احکامات کے مطابق انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے کا مطالبہ
بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے سلیمان خان کا کہنا ہے کہ میرے والد کی جانب سے پاکستان کے چیف جسٹس کے نام لکھا گیا یہ کھلا خط انتہائی تکلیف دہ ہے، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک پاکستان کے آئین، جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، عدالتی احکامات کے مطابق انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
ایکس پر عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان نے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں جس ناروا سلوک کا سامنا ہے، وہ پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، جیل قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سلیمان خان کے مطابق گزشتہ ایک سال سے تنہائی میں قید ہونے کے باعث ان کے والد کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے۔سلیمان خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکومت سپریم کورٹ کے ان احکامات کو نظر انداز کر رہی ہے جن کے تحت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج، اہل خانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور اپنے بیٹوں سے باقاعدگی سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔
سلیمان خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی جانب سے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کے لیے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی تسلیم شدہ معیارات کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل سے ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ کے سربراہان یعنی چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام ایک کھلا خط ارسال کردیا، اس خط میں انہوں نے جیل کے اندر اپنی اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تشویشناک طبی حالت، طویل قیدِ تنہائی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف لکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف دیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق خط کے آغاز میں عمران خان نے واضح کیا کہ وہ اپنی آواز جیل کی بلند دیواروں سے باہر عوام اور عدالتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے یہ کھلا خط لکھنے پر مجبور ہوئے ہیں، انہیں مکمل طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 20 دسمبر 2025ء سے انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک سخت تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، نہ تو انہیں اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی وکلاء تک مناسب رسائی حاصل ہے، قید خانے میں انہیں مطالعہ کے لیے کتابیں اور خبروں کے حصول کے لیے ٹیلی ویژن کی سہولت تک سے محروم رکھا گیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صرف چار مرتبہ وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جیل حکام باقاعدگی سے ان کی ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی منسوخ کر رہے ہیں، طویل قیدِ تنہائی اور انسانی رابطے کی مکمل کمی نے ذہنی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے، جیل کے اپنے میڈیکل بورڈ نے بھی یہ سفارش کی تھی کہ ذہنی تناؤ سے بچانے کے لیے اہلیہ اور خاندان سے زیادہ رابطے کی اجازت دی جائے، تاہم اس سفارش پر بھی کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا، بیرونِ ملک مقیم اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کسی بھی قیدی کا بنیادی حق ہے۔





