اگر ہم حکومتی پالیسیوں کے سامنے بند نہ باندھتے تو موجودہ حکمران عوام پر پٹرول بم گرانے سے نہ ہچکچاتے اور قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچا دیتے؛ امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کی مسلسل جدوجہد اور عوامی دباؤ کے باعث حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے پر مجبور ہوئی، اگر جماعتِ اسلامی احتجاج نہ کرتی تو حکمران پٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچا دیتے۔
لاہور منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو جو بھی تھوڑا بہت ریلیف ملا ہے، وہ جماعتِ اسلامی کی منظم تحریک اور سڑکوں پر احتجاج کا نتیجہ ہے، اگر ہم حکومتی پالیسیوں کے سامنے بند نہ باندھتے تو موجودہ حکمران عوام پر پٹرول بم گرانے سے نہ ہچکچاتے اور قیمتیں ریکارڈ سطح پر پہنچا دیتے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مراعات یافتہ طبقے کی بڑی گاڑیوں پر سنگین ٹیکس عائد کیا جائے کیونکہ جو ہاتھی پالتا ہے وہ اس کا بوجھ اٹھانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔حکومتی ادارے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما گاڑیوں کے بڑے بڑے لشکر اور پروٹوکول لے کر نکلتے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم پر عوامی ریلیف پیکیج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کو اس میں خصوصی طور پر شامل کرے تاکہ عام شہری مستفید ہو سکیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے ملک بھر میں گیس کے شدید بحران اور ایل پی جی کی قلت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سرکاری نرخوں پر کہیں بھی دستیاب نہیں ہے، آخر اس کی قیمتوں پر عملدرآمد کرانا کس کی ذمے داری ہے؟ پاکستان میں استعمال ہونے والی ایل پی جی کا 70 فیصد حصہ ایران سے آتا ہے، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پاکستان کی اپنی سر زمین میں گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں تو انہیں نکال کر عوام کو گیس کی شدید لوڈشیڈنگ سے نجات کیوں نہیں دلائی جا رہی؟۔
انہوں نے ملکی معیشت پر قابض مافیاز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اِس وقت تیل صاف کرنے والی انڈسٹری یعنی ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز کے طاقتور کارٹیلز قائم ہو چکے ہیں، ان کارٹیلز میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز باقی نہیں رہی بلکہ دونوں اطراف کے بااثر افراد مل کر عام عوام کا معاشی استحصال کر رہے ہیں، تیل صاف کرنے والی کمپنیوں کے بے تحاشا منافع میں کمی لا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کے لیے مزید نمایاں کمی کی جا سکتی ہے۔





