نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے تقریباً دو سال بعد وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ کے حصول کی درخواست دی ہے۔شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا، بنگلہ دیشی حکومت ان کی انڈیا سے حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاہم ماضی میں حکومت نے ان اطلاعات کو مسترد کیا تھا کہ وطن واپسی کے لیے انہیں نئی شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے۔شیخ حسینہ نے رواں ماہ امریکی خبر ایجنسی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہر صورت دسمبر میں بنگلہ دیش جائیں گی، اب لندن میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ سفارت کار کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے ایک خط میں شیخ حسینہ کے وکیل نے ان کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
شیخ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے کہا کہ یہ ان کی وطن واپسی کی جانب ایک اہم قدم ہے، سابق حکومت کی جانب سے دستاویزات منسوخ کیے جانے کے بعد محترمہ اپنی بنیادی شہری حیثیت اور حقوق بحال کرانے اور ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ دسمبر تک بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ یقیناً وطن واپس جائیں گی۔بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔بنگلہ دیش کے نائب وزیر خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش انڈیا کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو واپس لانا چاہتا ہے۔ تاہم انڈیا انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے سے انکار کر چکا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حسینہ کو ہمارے حوالے کیا جائے اور ایسا ہو کر رہے گا، وہ دہشت گرد اور مفرور ہیں، بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان حوالگی کا باقاعدہ معاہدہ موجود ہے۔





