Roze News

امریکی عوام اسرائیلی جنگوں سے تنگ آ چکے ہیں: عباس عراقچی

عباس عراقچی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

تہران: ایرانی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی انتظامیہ کو مسلسل طویل جنگوں میں دھکیل رہا ہے جس سے امریکی عوام تنگ آ چکے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا تفصیلی انٹرویو نشر ہونے کے چند گھنٹے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس کے ایک حصے پر ردِعمل دیا ہے، انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ امریکی عوام میں غیر مقبول ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی صدر جانتے ہیں امریکی عوام کی اکثریت اسرائیل سے سخت نالاں ہے، ٹرمپ عوامی ناراضی کی وجوہات سمجھنے میں الجھن کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی عوام اسرائیل کی جانب سے امریکا کو نہ ختم ہونے والی جنگوں میں دھکیلنے سے تنگ آ چکے ہیں، امریکی عوام اب مزید طویل جنگیں نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے عوام بھی مسلسل جنگوں اور تنازعات سے تھک چکے ہیں۔قبل ازیں عباس عراقچی نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب باری وائٹ ہاؤس کی ہے کہ وہ اپنی راہ کا انتخاب کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں عباس عراقچی نے کہا ایران کی جانب سے پیش کی گئی دو روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے، اگر امریکا ایران کی شرائط پوری کرے جن میں تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سمیت دیگر شرائط شامل ہیں، تو اس کے مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر واشنگٹن نے جنگ کا راستہ اختیار کیا تو پھر ایران کے الرٹ اور جنگی تجربہ رکھنے والے جنگجو بھرپور جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ مجوزہ ایرانی منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں امریکا معاہدے پر عمل درآمد کے لئے عملی اقدامات کرے گا جبکہ اگلے روز آبنائے ہرمز بحری ٹریفک کے لئے کھول دی جائے گی اور جہازوں کی آمدو رفت معمول پر آ جائے گی۔