پاکستان کا خواب دیکھنے اور ملی شاعری سے اپنی قوم کو بیدار کرنے والے حکیم الامت، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا آج 149 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ، گورنمنٹ کالج لاہور اور پھر برطانیہ و جرمنی سے تعلیم کے مدارج طے کیے، قومی درد میں ڈوبی شاعری کی ، ملت اسلامیہ کو یقین محکم کا راستہ دکھایا، ان کے افکار کا اثر پوری دنیا میں نظر آتا ہے۔اقبال کے شعری مجموعے بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم، سب نوجوانوں میں امید کی کرن جگاتے ہیں۔ قوم اپنے محسن کو نہیں بھولی، ان کے مزار پر آج بھی عقیدت مندوں کا ہجوم نظر آتا ہے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم اقبال کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کےکلام نے برصغیر کےمسلمانوں کو مستقبل کافیصلہ خود کرنے کی طاقت کا احساس دلایا۔صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی امنگوں کو فکری رہنمائی دی، علامہ اقبال کی شاعری میں آزادی، باعزت زندگی کےحصول کی جدوجہد کا پیغام ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے استحصال کے خلاف آواز اٹھائی، علامہ اقبال کی شاعری نے غریبوں کو حقوق اور مقام کااحساس دلایا، ان کی شاعری نے محنت کرنے والوں کی عزت و وقار کو اہمیت دی۔
مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین مہمان خصوصی تھے۔پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہورکموڈور مصباح الامین نے مزار اقبال پرپھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی، مہمان خصوصی نے گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اورپاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔





