اسلام آباد: سیاسی معاملات کو بات چیت سے حل کے لیے اپوزیشن اور حکومتی وفد کی اہم بیٹھک اسپیکر چیمبر میں شروع ہو گئی۔
اپوزیشن وفد کا اسپیکر چیمبر پہنچنے پر سردار ایاز صادق نے استقبال کیا، اپوزیشن کی جانب سے علامہ راجا ناصر عباس، بیرسٹرگوہر، اسد قیصر،عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجا موجود ہیں جبکہ حکومتی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی، شیری رحمان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اعجاز جاکھرانی، نوید قمر، رانا ثناء اللہ اور امیر مقام بھی حکومتی وفد کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، لانگ مارچ ملتوی کرنے پر بھی بات ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ابھی تو گفتگو شروع ہوئی ہے، دونوں فریقین متفق ہیں کہ آج کچھ نتیجہ نکالیں گے، باقی تفصیلات کے لیے ابھی صبر کریں۔
سلمان اکرم راجا نےبتایا کہ ہم انصاف کی بات کریں گے، انصاف مکمل ختم ہوچکا ہے، ہمیں پانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت چاہیے، اگر یہ ملاقات ہوتی ہے تو معاملہ آگےبڑھےگا، ورنہ ایسا ہی رہےگا، ہمیں پانی پی ٹی آئی کی رہائی اور انصاف چاہیے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم بانی سے اس لیے ملاقات چاہتے ہیں تاکہ ان سے مل کر ایجنڈا طے کریں، ہم بانی سے ملاقات کریں گے اور اس کی روشنی میں آگے بڑھاجائےگا، عمران خان کی بہنوں کے حوالے سے بات ہوگی لیکن بانی سے ملنے کا معاملہ سب سے اہم ہے، سب سے پہلے ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے لیڈر سے ملاقات کرنے دی جائے۔
عامر ڈوگر کا کہنا تھا میں شروع سے ملاقات اور مذاکرات کا حامی ہوں، سیاسی معاملات کو محاذ آرائی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، ہم نہیں چاہتے کسی ادارے کے ساتھ ہمارا تصادم یا لڑائی ہو۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے محمود اچکزئی کی ملاقات کا معاملہ رکھیں گے، بانی سے ملاقات کے بغیر معاملات حل ہو ہی نہیں سکتے، ان مذاکرت کے حوالے سے کچھ شرائط طے ہونی چاہیے، مسائل کا آسان ترین حل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے۔

Leave feedback about this