وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ فیول ریلیف سکیم کا ملک بھر میں آغاز 16 ستمبر سے ہوگا جبکہ اسلام آباد میں فعال ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم کے انتظامی امور اور عمل درآمد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات و نشریات، وزیر آئی ٹی، وزیر پارلیمانی امور، وزیر مملکت برائے خزانہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی، سیکریٹری آئی ٹی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شہری کے لیے قابل رسائی رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو عوامی آگاہی مؤثر بنانے اور پیٹرول پمپس پر سکیم کا ہموار اور مؤثر نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ فیول ریلیف سکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کی معاونت کریں اور انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم فیول ریلیف سکیم اسلام آباد میں فعال ہے، ملک کے دیگر حصوں میں اس کا آغاز 16 ستمبر 2026 کو رات 11 بج کر 59 منٹ پر کر دیا جائے گا۔

Leave feedback about this