Roze News

ہمارے ورکرز کو مارا گیا، اتنی پابندیاں تو پی ٹی آئی حکومت میں بھی نہیں تھیں، اسلم غوری

ہمارے ورکرز کو مارا گیا، اتنی پابندیاں تو پی ٹی آئی حکومت میں بھی نہیں تھیں، اسلم غوری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

جے یو آئی ماضی میں کراچی سے اسلام آباد تک آزادی مارچ لے کر آئی تھی، ہمارے ضلعی امیر کو گرفتار کرکے ان پر تشدد کیا گیا، گھر، گاڑی اور بینک اکاؤنٹ بھی سیل کردیا گیا، ترجمان جے یو آئی کی گفتگو

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے حکومت پر سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں اور پابندیاں عائد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں جتنی قدغنیں لگائی جا رہی ہیں، اتنی پابندیاں گزشتہ پی ٹی آئی حکومت میں بھی نہیں تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ضلعی امیر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ضلعی امیر کے صاحبزادے، جو بیرسٹر ہیں، کو بھی مبینہ طور پر اس طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا جیسے کسی دہشت گرد کو مارا جاتا ہے۔ جے یو آئی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ ضلعی امیر کی گاڑی، گھر اور بینک اکاؤنٹ سیل کردیا گیا، جبکہ ان کے سیکریٹری جنرل کے شادی ہال کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ جمہوریت ہے اور کیا جمہوری حکومتوں میں سیاسی کارکنوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے؟ اسلم غوری کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ موجودہ حالات میں سیاسی سرگرمیوں پر اتنی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ماضی میں کراچی سے اسلام آباد تک آزادی مارچ لے کر آئی تھی، لیکن اس وقت بھی ایسی پابندیوں اور قدغنوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز مولانا فضل الرحمان کو اپنا ساتھی اور بزرگ قرار دیتے ہیں، لیکن دوسری جانب ان کی حکومت میں مولانا اور ان کے ساتھیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلم غوری نے موجودہ صورتحال کو جمہوری آزادیوں کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے حکومت کے اقدامات پر سوالات اٹھائے۔