الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانونی اور آئینی تقاضے پورے نہ کرنے پر مزید 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق جن جماعتوں کو ڈی لسٹ کیا گیا ہے ان میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان، ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ان سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے، سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے اور دیگر قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی بنیاد پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست بھی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہو کر 164 رہ گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی پاک سرزمین پارٹی، استحکام پاکستان تحریک اور پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ڈی لسٹ کیا جا چکا ہے
الیکشن کمیشن کی تازہ فہرست کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) تنظیمی حیثیت کے بغیر فہرست میں موجود ہیں۔

Leave feedback about this