پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسمی صورتحال کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کردی ہے، جس کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم کا رخ بدلنے کا امکان ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، سیالکوٹ، نارووال، بہاولنگر، بہاولپور، ساہیوال، راجن پور، ملتان، خانیوال، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور رحیم یار خان سمیت ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، فیصل آباد، خوشاب، نورپور تھل، بھکر، میانوالی اور سرگودھا میں شام یا رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف اضلاع بھی بارشوں کی زد میں رہیں گے۔ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلات، خضدار، پنجگور، آواران اور لسبیلہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کرک، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، وزیرستان، ہنگو، کرم، اورکزئی، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی اور پشاور میں شام یا رات کے وقت بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم سندھ، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، زیریں سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں 25 سے 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث فصلوں، کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے اور دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کردی گئی ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Leave feedback about this