پاکستان اور عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا۔ حالیہ دنوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد اب سونے کی قیمتوں میں نمایاں کریکشن دیکھنے میں آ رہا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 400 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 37 ہزار 436 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت بھی 2 ہزار 58 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 75 ہزار 30 روپے تک آ گئی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں سونے کی خریداری کے رجحان میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 37 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 679 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 24 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 150 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر، مرکزی بینکوں کی مالیاتی پالیسی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر عالمی منڈی میں یہی رجحان برقرار رہا تو مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

Leave feedback about this