پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی فوزیہ حبیب کے انتقال پر سیاسی و حکومتی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے مرحومہ کی سیاسی، جمہوری اور عوامی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوزیہ حبیب کی وفات پاکستان پیپلز پارٹی اور ملکی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھی۔
صدر زرداری کے مطابق فوزیہ حبیب ایک متحرک اور باصلاحیت رہنما تھیں جنہوں نے مختلف ذمہ داریوں پر رہتے ہوئے نہایت دیانت داری اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ مرحومہ نے 2008 سے 2013 کے دوران ایوانِ صدر میں بھی خدمات سرانجام دیں۔
صدرِ مملکت نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی فوزیہ حبیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی و عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ نقصان پارٹی اور ملکی سیاسی منظرنامے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

Leave feedback about this