اسلام آباد ۔۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور لاہور قونصلیٹ کی جانب سے پاکستان کے دو اہم شہروں میں فریڈم ٹُو ففٹی کے جذبہ کو اُجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاسی روابط کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان میں امریکی مشن نے امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کی تقریبات میں تعاون پر حکومتِ پاکستان سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے نے یکم سے پانچ جولائی ۲۰۲۶ء تک اسلام آباد میں پاکستان مانیومینٹ کو امریکی پرچم کے رنگوں سے روشن کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کی نمائندگی کرتی ہوئی اس خصوصی روشنی کے رنگوں کی نمائش وزارتِ خارجہ پاکستان اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ پانچ روزہ تقریبات کے دوران شاہراہ دستور پر واقع گلوب چوک بھی سرخ، سفید اور نیلی روشنی کی کرنوں سے جگمگاتا رہا۔ دریں اثنا، لاہور میں بھی فریڈم ٹو ففٹی کے تحت امریکی مشن نے تاریخی عالمگیری دروازے، لاہور قلعے کی مشہور تصویری دیوار، قائداعظم لائبریری اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو خصوصی رنگوں سے روشن کرنے کا اہتمام کیا ۔
اس موقع پر ناظم الاُمور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ کی ڈھائی سو سالہ سالگرہ دراصل تجدیدِ عہد کا ایک اہم موقع ہے۔ یہ ہمارے اداروں کو مزید مضبوط بنانے، اپنی قائدانہ حیثیت کی توثیق کرنے اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کا موقع ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ خودمختاری، مضبوطی اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد پر تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں اور باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کو عملی نتائج میں تبدیل کر رہے ہیں۔ اپنے مستقبل کے نئے باب میں قدم رکھتے ہوئے امریکہ اپنے اقدار پر مکمل اعتماد اور واضح عزم کے ساتھ پیش قدمی کر رہا ہے اور ایسی شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا سلامتی اور مشترکہ مواقع فراہم کرے۔
یہ خصوصی روشنیاں پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے منائی جانے والی فریڈم ٹوففٹی تقریبات کی مہم کا حصہ ہیں، جو کہ چار جولائی ۱۷۷۶ء کو ہونے والے امریکی اعلانِ آزادی کی دو سو پچاسویں سالگرہ کی مناسبت سے سال بھر منائی جانے والی عالمی مہم ہے۔ یہ امریکہ کے لیے اپنے دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ تاریخی سنگِ میل کو منانے کا منفرد موقع ہے جو اس کے تاریخی سفر کا حصہ رہے ہیں۔
یہ روشنیاں آزادی، جمہوریت اور مواقع کی اُن پائیدار اقدار کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں جو امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، نایاب معدنیات کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون، معاشی ترقی اور علاقائی امن میں پیوست باہمی شراکت داری مسلسل وسعت اختیار کرتے ہوئے دونوں قوموں کے لیے مفید ثابت ہو رہی ہے۔
تازہ ترین
امریکہ کے ڈھائی سو سالہ جشن آزادی کے موقع پر سفارتخانے کی جانب سے تاریخی چراغاں
- by web_desk
- جولائی 5, 2026
- 0 Comments
- 3 Views
- 3 منٹ ago

Leave feedback about this