تازہ ترین معیشت و تجارت

سونا خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، عالمی منڈی میں قیمتیں 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں

سونا خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، عالمی منڈی میں قیمتیں 7 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں

امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی کے خدشات کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونا مزید سستا ہو گیا۔

عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں جمعرات کو بھی کمی کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث قیمتی دھات کی قیمتیں سات ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات نے سونے پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.4 فیصد کمی کے بعد 3,985.89 ڈالر فی اونس پر آ گئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز برائے اگست 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,001.60 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوتے رہے

یاد رہے کہ بدھ کے روز سونے کی قیمت پہلی مرتبہ نومبر 2025 کے بعد 4 ہزار ڈالر فی اونس کی اہم سطح سے نیچے گر گئی تھی۔ مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے اور شرح سود بڑھنے کی توقعات کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق سرمایہ کار رواں سال فیڈرل ریزرو کی جانب سے تین مرتبہ شرح سود میں اضافے کی توقع کر رہے ہیں، جبکہ ستمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات تقریباً 67 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکی ڈالر مسلسل تیسرے روز بھی مضبوط رہا اور 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے۔

ادھر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے فیڈرل ریزرو کے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے متعلق کشیدگی اور اس کے ممکنہ مہنگائی اثرات کو بھی اپنی پالیسی سازی میں مدنظر رکھیں۔

سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی پرسنل کنزمپشن ایکسپینڈیچر (PCE) ڈیٹا پر مرکوز ہیں، جسے فیڈرل ریزرو مہنگائی جانچنے کے لیے اہم ترین اشاریوں میں شمار کرتا ہے۔ اس رپورٹ کے نتائج آئندہ مالیاتی پالیسی کے تعین میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

دریں اثنا مشرق وسطیٰ میں سفارتی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ لبنان اور اسرائیل امریکی حمایت یافتہ ایک تجویز پر غور کر رہے ہیں، جس کے تحت اسرائیلی افواج بعض متنازع لبنانی علاقوں کا کنٹرول لبنانی فوج کے حوالے کر سکتی ہیں۔

دیگر قیمتی دھاتوں کی بات کی جائے تو چاندی کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 57.33 ڈالر فی اونس رہی، پلاٹینم 0.2 فیصد گر کر 1,575.85 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ پیلیڈیم 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 1,170.25 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image