ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاک بھارت میچ کے آغاز کے موقع پر پاکستان کا غلط پرچم پیش کردیا گیا۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاک بھارت میچ کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کی غفلت کے باعث دونوں ٹیموں کے قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا غلط پرچم پیش کیا گیا۔ بچوں کے ہاتھوں میں موجود پاکستانی جھنڈے سے سفید رنگ غائب تھا۔
واقعےکی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنےکے بعد سوشل میڈیا پر شائقین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایف آئی ایچ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
پاکستانی فینز نے اسے قومی پرچم کی غلط نمائندگی قرار دیتے ہوئے منتظمین سے وضاحت اور معذرت کا مطالبہ کیا۔
شائقین کا کہنا ہےکہ بین الاقوامی سطح کے ایونٹ میں شریک ممالک کے قومی پرچم اور قومی شناخت کے حوالے سے ایسی غلطیاں ناقابلِ قبول ہیں۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ میچ سے قبل پروٹوکول اور انتظامات کی جانچ کے باوجود یہ سنگین غلطی کیسے نظرانداز ہوئی۔
واضح رہےکہ پاکستان کے قومی پرچم میں سفید حصہ ملک کی مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے جب کہ سبز رنگ مسلم اکثریت کی علامت ہے۔ قومی ترانے پڑھنے جیسی اہم تقریب میں پرچم کی غلط نمائش پر سوشل میڈیا پر ایف آئی ایچ اور ایونٹ منتظمین کے خلاف تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

Leave feedback about this