وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے لیے فارمولا تیار ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف ملنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے لیے ایک نئے اور شفاف فارمولے کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی مشترکہ سفارتی کاوشیں رنگ لانے لگی ہیں، ایران اور امریکہ اس وقت جنگ بندی کے معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے آثار کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آنا شروع ہو چکی ہیں۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیر اعظم کی واضح ہدایت ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس کمی کا پورا فائدہ بلا تاخیر عوام کو منتقل کیا جائے، اس مقصد کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ایک انتہائی شفاف فارمولا تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر قیمتوں کے تعین کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ نئی پالیسی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کی جائے گی اور حکومت عوام کو قیمتوں میں ردوبدل کی وجوہات سے مکمل طور پر آگاہ رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے سپلائی چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ علاقائی چیلنجز اور بحرانوں کے باوجود ملک میں تیل کی سپلائی بلا تعطل جاری رہی، جو کہ حکومت اور اس کے تمام شراکت داروں کی ذمہ دارانہ حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان اس وقت ملک کے توانائی سلامتی کے نظام کا ازسرِ نو جائزہ لے رہی ہے اور پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ قومی یکجہتی اور بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ کرے گا۔

Leave feedback about this