پاکستان تازہ ترین معیشت و تجارت

قیمتوں میں کمی کی امیدیں روشن، پیٹرول صارفین کا جمعہ کا انتظار بڑھ گیا

قیمتوں میں کمی کی امیدیں روشن، پیٹرول صارفین کا جمعہ کا انتظار بڑھ گیا

ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان سے قبل عوام کی نظریں جمعہ کے روز ہونے والے حکومتی فیصلے پر مرکوز ہیں، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی امیدیں مزید بڑھ گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر سکتی ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ کمی آنے کی توقع ہے۔

اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) عالمی قیمتوں، درآمدی لاگت اور ٹیکسوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفارشات حکومت کو ارسال کرے گی، جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو اس کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پیٹرول پمپس پر بھی صورتحال تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جہاں صارفین بڑی مقدار میں ایندھن بھروانے کے بجائے صرف محدود مقدار میں پیٹرول اور ڈیزل حاصل کر رہے ہیں۔ پیٹرول پمپ عملے کے مطابق شہریوں کی اکثریت کو توقع ہے کہ جمعہ کے روز قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی دیکھی گئی ہے۔ امریکی خام تیل 75 ڈالر فی بیرل، برطانوی خام تیل 77 ڈالر فی بیرل جبکہ متحدہ عرب امارات کا مربن تیل 74 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں کمی کے اثرات ایشیائی اسٹاک مارکیٹس پر بھی دیکھے گئے ہیں، جہاں جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور اسٹاک انڈیکسز میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی قیمتوں میں کمی کا یہ رجحان جاری رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان موجود ہے، تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری سے کیا جائے گا۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image