مری ایکسپریس وے پر المناک حادثہ، سیاحوں کی وین میں آگ بھڑک اٹھی، 10 افراد جاں بحق، 13 زخمی
مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 10 سیاح جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سیاحوں سے بھری وین تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق تصادم کے بعد گاڑی کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جبکہ وین کا سلائیڈنگ دروازہ بھی لاک ہو گیا، جس کے باعث مسافروں کو باہر نکلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس گئے اور کئی جانیں ضائع ہو گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، موٹر وے پولیس اور محکمہ جنگلات کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں اور پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جو ملتان سے تفریح کی غرض سے مری جا رہے تھے۔
حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave feedback about this