اسلامی جمہوریہ ایران میں بھارتی سفارتخانہ نے اپنے شہریوں کیلئے اپنی سفری ہدایات ( ٹریول ایڈوائزری) کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے بھارتی شہری فی الحال ایران کا سفر کرنے سے پرہیز کریں۔ سفارتخانہ کی طرف سے جاری ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خطہ میں حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے تمام بھارتی شہریوں کو ایران کا سفر کرنے سے بچنے کے اپنے گزشتہ مشورہ کو دہرایا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جو بھارتی شہری اس وقت ایران میں موجود ہیں، انھیں دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے جلد از جلد ملک سے باہر نکلنے کی صلاح دی گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سفارتخانہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ خطہ کے سیکورٹی حالات کو دیکھتے ہوئے احتیاط برتنا ضروری ہے۔ ایسے میں بھارتی شہریوں کو مقامی انتظامیہ اور انڈین سفارتخانہ کے ذریعہ جاری آفیشیل ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بیرون ملکی سفر کا منصوبہ بنا رہے لوگوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے نئی سرکاری ایڈوائزری کی جانچ کریں اور حالات معمول پر آنے تک غیر ضروری سفر سے بچیں۔ علاوہ ازیں ایران میں موجود بھارتی شہریوں کو دستیاب وسائل یعنی ٹرانسپورٹیشن متبادل کے ذریعہ محفوظ مقام یا ملک سے باہر نکلنے کا منصوبہ بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے مہر آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مغربی ایران کے کرمان شاہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے آئندہ اطلاع تک تمام پروازوں کو کینسل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ خطہ میں سیکورٹی حالات بگڑنے کے بعد لیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب آج صبح اسرائیل کی جانب سے تہران کے علاوہ اصفہان اور تبریز کو نشانہ بنا کر حملے کئے جانے کی خبریں سامنے آئیں۔

Leave feedback about this