تازہ ترین

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی پیغام

سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کا خصوصی پیغام

اسلام آباد: سمندروں کا عالمی دن ہر سال 8 جون کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو تسلیم کرنا اور بحری ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی مشترکہ ذمہ داری کا اعادہ کرنا ہے۔ سمندروں کے عالمی دن 2026 کا موضوع ہمارے سیارے (زمین) کے لئے مضبوط بحری محفوظ علاقے” ہے جو سمندر کے ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانے اور سمندر کے دیر پا مستقبل کو یقینی بنانے کے سلسلے میں بقا کی کاوشوں کی اہمیت کو اُجاگر کر تاہے۔سمندر کرۂ ارض کے 70 فیصد سے زائد رقبے پر محیط ہیں اور موسمیاتی توازن برقرار رکھنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، عالمی تجارت کو سہولت فراہم کرنے اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے روزگار کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ سمندر خوراک، توانائی اور اقتصادی ترقی کے اہم ذرائع ہیں۔ تاہم، سمندری آلودگی، ضرورت سے زیادہ ماہی گیری، سمندری ماحولیاتی نظام کی تباہی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑھتے ہوئے خطرات سمندروں کی صحت، پائیداری اور بقا کے لیے مسلسل چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ ان خطرات سے نمٹنے اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں-محفوظ سمندری علاقے سمندر کے وہ مخصوص حصے ہیں جہاں قدرتی وسائل اور ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے انسانی سرگرمیوں کو باقاعدہ اور محتاط انداز میں منظم کیا جاتا ہے۔ یہ علاقے حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور مرجانی چٹانوں، مینگرووز، مچھلیوں کی آبادی، خطرے سے دوچار سمندری انواع اور ساحلی ماحولیاتی نظام جیسے حساس قدرتی وسائل کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ محفوظ سمندری علاقوں کا مؤثر اور مضبوط انتظام نہ صرف ماحولیاتی استحکام کو فروغ دیتا ہے بلکہ پائیدار ماہی گیری کی معاونت کرتا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ سمندروں کے عالمی دن کے اس سال کا موضوع سمندر کے ان مخصوص علاقوں کو مضبوط بنانے اور اُنہیں مزید وسیع کرنے کے سلسلے میں اقوام عالم کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تاکہ ایک صحت مند اور دیر پا بحری ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ سمندروں کا عالمی دن بحری حیات کے تحفظ کے لئے معاشروں اور افراد کو اُن کی ذمہ داریاں بھی یاد دلاتا ہے۔ پلاسٹک کے فضلے میں کمی، آبی آلودگی سے بچاؤ، ماہی گیری کے پائیدار طریقوں پر عمل، اور صفائی کی سر گرمیوں میں حصہ لے کرتمام افراداپنا اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ماحولیاتی تنظیموں، میری ٹائم اداروں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کو شعور و آگہی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے جو سمندروں کو محفوظ بنانے اور سمندری وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کے احساس کو فروغ دے۔ پاکستان نیوی میری ٹائم ماحول کے تحفظ اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے اپنے عزم پر کاربند ہے تاکہ عالمی یومِ سمندر کے مجموعی مقاصد میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کی محافظ ہونے کے ناطے پاکستان نیوی بحری حیاتی تنوع کو محفوظ بنانے اور بحری وسائل کے پائیدار استعمال کے فروغ کے لیے سر گرم عمل ہے۔ پاکستان نیوی ساحل اور سمندر کی باقاعدہ صفائی مہمات، آگہی مہمات اور ماحولیاتی پروگرامز کے ذریعے قابل تحسین کردار ادا کررہی ہے تاکہ بحری آلودگی کو کم کیا جائے اور بحیرہ عرب کی فطری حالت کو بر قرار رکھا جائے۔ سمندروں کی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری اور قومی ترجیح ہے۔ ہمیں بصیرت اور تندہی سے آگے بڑھنا ہو گا تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند، مضبوط اور ذرخیز زمین اور سمندر ورثے میں ملے۔ میں تمام شراکت داروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مقصد کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ آ ئیے موجودہ اقدامات کا جائزہ لیں، مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنا ئیں اور ایسے طرز عمل کا نفاذ کریں جو ہمارے بحری ماحول کی سا لمیت اور پیداوار ی صلاحیت کو محفوظ بنائیں۔ ہم سب مل کر مؤثراور نمایاں مثبت اثر پیدا کر سکتے ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image