نوشہرہ کے علاقے میاں عیسیٰ گاؤں میں راستے کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ باڑ لگانے کے تنازع پر پیش آیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید فائرنگ کی شکل اختیار کر گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک فریق کے چار بھائی شامل ہیں جن کی شناخت زاہق، واحد، صالح اور محمد علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ دوسرے فریق سے زرغون شاہ اور ان کے دو بیٹے ماجد اور ظہور جان کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال نوشہرہ اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ایک فریق کی جانب سے گھر کے سامنے باڑ لگانے کا کام جاری تھا، جس پر دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی اور بات فائرنگ تک جا پہنچی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے جبکہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

Leave feedback about this