بلوچستان کے ضلع دالبندین میں ایک ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا پھیل گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ دالبندین کے قریب ڈھڈر لانڈھی کے مقام پر آر سی ڈی شاہراہ این 40 پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریلر نے ایک گاڑی کو ٹکر مارنے کے بعد اسے بری طرح کچل دیا۔
حادثے کے وقت گاڑی میں 15 افراد سوار تھے، جن میں سے 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے باعث لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو حکام نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹریلر کوئٹہ سے تفتان جا رہا تھا جبکہ متاثرہ گاڑی تفتان سے کوئٹہ کی جانب رواں دواں تھی۔
حادثے کے بعد آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ روز بھی ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جہاں خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ جھل مگسی کے قریب کھائی میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوئے تھے۔

Leave feedback about this