محکمۂ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں وقتی کمی آسکتی ہے۔
گزشتہ روز ملک کے گرم ترین مقامات میں تربت اور مٹھی شامل رہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی، سکھر، سبی، لسبیلہ اور ٹھٹھہ میں 44 ڈگری، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 40 ڈگری، لاہور میں 37 جبکہ اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34 اور پشاور میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں لاہور، شیخوپورہ، پاکپتن، فیصل آباد، گجرات اور وہاڑی میں بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ادھر بابو سر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ بھی جاری رہا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Leave feedback about this