پاکستان کے مختلف شہروں کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا راج بدستور برقرار ہے، جس کے باعث غریب اور متوسط طبقے کے لیے بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھی، کوکنگ آئل، چائے پتی، سرف، دالیں اور چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق درجہ اول کا گھی اور کوکنگ آئل 590 سے 595 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
درجہ دوم کا گھی اور آئل 540 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے۔ اسی طرح درجہ سوم کا گھی اور آئل بھی بڑھ کر 470 روپے فی کلو کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے۔
مزید برآں مختلف اقسام کے چاول بھی مہنگے ہو گئے ہیں، جو اس وقت 320 سے 640 روپے فی کلو کے درمیان فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے اور سفید پوش طبقہ بھی شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Leave feedback about this