نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گلوبل سمودفلوٹیلا میں سوار سابق سینیٹر مشتاق کی اسرائیلی غیر قانونی حراست سے رہائی کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ‘گلوبل سمود فلوٹیلا’ کے ذریعے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیلی غیر قانونی حراست سے رہا کر دیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار نے سابق سینیٹر کی رہائی اور وطن واپسی کے عمل میں تعاون پر بین الاقوامی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے جزیرے ‘کریٹ’ میں مشتاق احمد کو سہولت فراہم کرنے پر یونانی حکام کے مشکور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے انہیں استنبول منتقل کرنے اور وہاں سے پاکستان واپسی کے انتظامات میں بھرپور تعاون کیا۔
وزارت خارجہ اور ایتھنز میں پاکستانی سفارتخانے کے بروقت اور مؤثر سفارتی ردعمل کو بھی سراہا گیا۔
نائب وزیراعظم نے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کی غیر قانونی حراست شدید قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غزہ کے محصور عوام کے لیے بھیجی جانے والی انسانی امداد میں رکاوٹ ڈالنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے بیان کے آخر میں اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لیے اپنی غیر متزلزل اور مستقل حمایت کے عہد پر قائم ہے۔

Leave feedback about this