وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کی بالائی حد75 لاکھ سے بڑھاکر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کردی گئی۔وزیراعظم یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیا ٹیئر 4 متعارف کرادیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم میں ترمیم کا مراسلہ تمام بینکوں کو ارسال کر دیا ہے جس کے مطابق نئے ٹیئر 4 میں قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے زیادہ اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک ہوگی،ٹیئر 4 کے تحت طویل المدتی قرضوں کی مد ت زیادہ سے زیادہ 8 سال ہوگی اور 8 سالہ قرض میں ایک سال تک کا گریس پیریڈ بھی شامل ہوگا اور بینک پالیسی کے مطابق سیکیورٹی لی جائے گی۔
ٹیئر 1 کے تحت 5 لاکھ روپے ، ٹیئر 2 کے تحت 5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا جبکہ ٹیئر 3 کے تحت 15 لاکھ سے 75 لاکھ روپے تک قرضہ ملے گا۔سٹیٹ بنک کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹیئر 4 کا بینک ریٹ 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے جب کہ ٹیئر 4 میں صارف کے لیے شرح 8 فیصد مقرر کی گئی ہے، رسک کم کرنے کے لیے پورٹ فولیو پر 10 فیصد تک فرسٹ لاس کوریج دی جائے گی، ٹیئر 3 کی دیگر شرائط نئے ٹیئر 4 پر بھی لاگو ہوں گی۔
مراسلے کے مطابق ٹیئر 3 کا بینک ریٹ بھی 6 ماہ کے کائیبور پلس 2اعشاریہ 4 فیصد کردیا گیا ہے، لیپ ٹاپ فار آل اور پروسپیکٹو اوورسیز ورکرز اب ٹیئر 5 میں منتقل کر دیے گئے ہیں، بینکوں کو سکیم میں خواتین کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔





