Roze News

یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہی نہیں ہے کیوں کہ ملک میں 171 ملین پاؤنڈ آئے، بیرسٹر سلمان صفدر کا مؤقف

یہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ہی نہیں ہے کیوں کہ ملک میں 171 ملین پاؤنڈ آئے، بیرسٹر سلمان صفدر کا مؤقف

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

رقم سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں 4 سال تک رہی، جو سرمایہ کاری سے دوگنی ہوگئی، نیب کا اعتراض اس بات پر ہے کہ پیسہ اسٹیٹ بینک کی بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں کیوں آیا؛ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس نہیں بلکہ پاکستان میں 171 ملین پاؤنڈز آئے تھے جو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں پڑے رہے اور اس سے قومی خزانے کو نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مرکزی اپیلوں کی سماعت کی تو بیرسٹر سلمان صفدر نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر دلائل کی اجازت مانگی، چیف جسٹس نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر یہ استدعا مسترد کرچکے ہیں، درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے زیرالتوا ہے اور قواعد بننے تک براہِ راست نشریات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اس پر سلمان صفدر نے جدید ٹیکنالوجی، ویڈیو لنک، قومی و بین الاقوامی اہمیت اور سپریم کورٹ میں لائیو اسٹریمنگ کا حوالہ دیا، تو چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ ایک خودمختار باڈی ہے اور سپریم کورٹ کے قواعد و ضوابط کی پیروی کی پابند نہیں، عدالت میں اسکرینیں لگی ہیں، سیکڑوں لوگ کارروائی دیکھ رہے ہیں اور یہ اوپن کورٹ ہے، جب سلمان صفدر نے لائیو اسٹریمنگ کے قواعد بننے تک اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کیا جا سکتا، اپیل شروع کی جائے کیونکہ عدالت میں کیا ہونا اور کیا نہیں، یہ ہمارا کا کام ہے۔

مرکزی اپیلوں پر دلائل دیتے ہوئے سلمان صفدر نے بتایا کہ عمران خان کو 13 نومبر 2023ء کو گرفتار کیا گیا، انہیں 14 سال قید و 10 لاکھ روپے جرمانے جب کہ بشریٰ بی بی کو معاونت کے الزام میں 7 سال قید و 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی حالانکہ بشریٰ بی بی کو ٹرائل یا نیب کی جانب سے کبھی گرفتار نہیں کیا گیا جب کہ اس کیس میں مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیر حاضر رہے لیکن کارروائی صرف 2 ملزمان کی حد تک آگے بڑھی۔

سلمان صفدر نے کہا کہ برطانیہ کی کارروائی سے قبل اپریل 2019ء میں بحریہ ٹاؤن نے ذوالفقار عباس بخاری کے ذریعے القادر ٹرسٹ کو 458 کنال زمین عطیہ کی تھی، جو عمران خان کے نام منتقل نہیں ہوئی، پاکستان میں 190 نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے تھے جو سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں 4 سال تک رہے اور سرمایہ کاری سے رقم دوگنی ہو گئی، جب کہ نیب کا یہ کیس نہیں کہ پیسہ ذاتی اکاؤنٹس میں گیا بلکہ اعتراض اس بات پر ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں کیوں آیا۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سوہاوہ میں بنجر زمین پر قائم القادر ٹرسٹ میں 150 سے زائد بچے اسکالرشپ پر پڑھ رہے ہیں، خفیہ ڈیڈ پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دستخط نہیں، ریفرنس اور فرد جرم مبہم ہیں اور دستاویزی شواہد پیش نہیں کیے گئے، سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے بعض دلائل کو سیاسی بیانات قرار دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا جب کہ سردار لطیف کھوسہ کی ملاقات کی استدعا پر چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہنے کا عندیہ دیا، ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا ریکارڈ جمع کرا دیا گیا ہے، عدالتی حکم کے مطابق انہیں مکمل طبی سہولیات اور جیل میں اٹیچ باتھ روم والا کمرہ فراہم کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں، جو رقم برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے برآمد ہو کر عمران خان کے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں پاکستان واپس آئی تھی، احتساب عدالت نے گزشتہ برس 17 جنوری کو عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اپیلوں پر 18 نومبر کو عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔