واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی روسی اور چینی صدور سے بات چیت سے ساز گار فضا قائم ہوئی۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر جوہری ہتھیار ان تینیوں ممالک کے پاس ہیں، تینوں ممالک کے رہنماؤں کا ایک دوسرے سے رابطہ نہ رکھنے کا تصور ہی خطرناک اور مضحکہ خیز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسی بات چیت اور سفارتکاری کا مقصد پہلے امریکی عوام اور پھر دنیا کے مفادات کا تحفط ہونا چاہیے۔
دوسری جانب واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آرہی ہے اور ان میں مزید کمی آئے گی۔ٹرمپ نے کہا کہ ایران ہمارے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور ہم ایران کےساتھ ایک حقیقی معاہدہ چاہتے ہیں لیکن ایران ایسا کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہتا جو مجھے قبول ہو۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ ایندھن قیمتوں کا انحصار اس پر ہے کہ ایران کیساتھ معاملات کیسے حل کرتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا چین سے وطن واپسی کے موقع پر امریکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ وہ ایران کے معاملے میں فیصلے پر جلد بازی نہیں کریں گے، تحمل سے کام لیں گے۔




