واشنگٹن: امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد وہ اب بھی امریکی فوجی اڈے پر رہائش پذیر ہیں، تاہم وہ تہران کے خلاف معاشی دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بیسنٹ نے امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایرانی حکام انہیں نشانہ بنانا چاہتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ امریکا کا معاشی دباؤ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’’اگر ایرانی میرے پیچھے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ان پر دباؤ پڑ رہا ہے۔ ہم یہ دباؤ جاری رکھیں گے۔‘‘بیسنٹ کے بیان کے مطابق وہ سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی فوجی اڈے پر مقیم ہیں۔ تاہم ایران کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کی نوعیت اور تفصیلات عام نہیں کی گئیں۔
امریکی محکمہ خزانہ حالیہ عرصے میں ایران کے خلاف پابندیوں اور معاشی اقدامات میں سختی کر رہا ہے۔ واشنگٹن کا مقصد تہران کے مالی اور تجارتی ذرائع پر دباؤ بڑھانا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ تنازع کے حل کے لیے سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔





