محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں خشک سالی کا خدشہ ظاہر کردیا۔محکمہ موسمات کے مطابق بارشوں میں مسلسل کمی سے آئندہ 3 ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے، سندھ اور بلوچستان میں جولائی سے نومبر تک مسلسل معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد کم بارشیں ہوئیں، سندھ میں اکتوبر کے دوران بارشوں میں 100 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ سندھ میں یکم سے 20 نومبر تک معمول سے 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، بلوچستان میں نومبر کے پہلے 20 دنوں میں بارشوں میں 79 فیصد کمی دیکھی گئی۔ادھر دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ہے،بارشوں میں کمی سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہوسکتی ہے، بارشیں نہ ہونے سے زمین میں نمی کم اور زیر زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بارانی علاقوں میں فصلوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو زیادہ خطرات لاحق ہیں، صوبائی حکومتیں خشک سالی سے متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کریں۔محکمہ موسمات کے مطابق خشک سالی کا الرٹ احتیاطی تدبیر ہے، ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا، خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔





