عمران خان سے ملاقات کیلئے بہنیں ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئیں کارکنوں کا والہانہ استقبال، جیل سے رہائی پانے والی دونوں بہنوں پر گل پاشی اور پھولوں کے ہار پہنا کر جذبات کا اظہار
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر ایک بار پھر سیاسی گہما گہمی اور ہلچل دیکھنے میں آئی ہے جب بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی بہنیں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی دیگر پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کے ہمراہ جیل کے باہر پہنچ گئیں، تاہم پولیس نے سیکیورٹی اور دیگر انتظامی عذر کی بنیاد پر انہیں فیکٹری ناکے پر ہی روک لیا۔
اطلاعات کے مطابق ملاقات کے لیے پہنچنے والی عمران خان کی بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی آمد پر وہاں موجود پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی جمع ہوگئے، کارکنان نے ان کا بھرپور اور جوش و خروش سے استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گل پاشی کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے، اس دوران جیل کے باہر کارکنان کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ منگل کا دن سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی فیملی کی ملاقات کے لیے مقرر ہوتا ہے لیکن پولیس انتظامیہ نے سختی کرتے ہوئے ان کی بہنوں اور دیگر رہنماؤں کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی، حال ہی میں 55 روز تک حراست میں رہنے والی بہنوں کو اپنے بھائی سے ملنے سے روکے جانے پر کارکنان میں شدید غم و غصہ پایا گیا، پولیس نے فیکٹری ناکے پر ہی بیرئیر لگا کر قافلے کو روک لیا، کسی کو بھی جیل کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
معلوم ہوا ہے کہ خاندان کے افراد کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچنے والوں میں شامل تھے، ان کے ہمراہ نیاز اللہ نیازی اور خالد یوسف چوہدری جیسے قانونی ماہرین اور رہنماء بھی جیل کے باہر موجود تھے جو ملاقات کے خواہشمند تھے، تاہم پولیس کی جانب سے لگائے گئے رکاوٹوں کے باعث وہ بھی فیکٹری ناکے پر ہی پھنس کر رہ گئے۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کا حوالہ دیتے ہوئے کسی بھی غیر متعلقہ شخص یا قافلے کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کی طرف سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جا رہا ہے، جس کے باعث جیل کے باہر صورتحال تھوڑی کشیدہ ہوئی اور کارکنان دھرنے کی سی کیفیت میں موجود ہیں۔





