سابق خاتون اول کی اسپتال منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں انکشاف
سابق خاتون اول کی اسپتال منتقلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں انکشاف ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سیل سے سات سانپ، چوہے اور کاکروچ پائے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کیمطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسپتال منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، درخواست میں انکشاف ہوا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 سانپ، چوہے اور کاکروچ پائے گئے ہیں۔
چوہے کاکروچ سیل میں آجاتے ہیں، چھوٹے سانپ بھی دیکھے گئے جن کو جیل اہلکار نے مار دیا۔ درخواست میں عدالت کو بتایا کیا کہ ان کی آنکھیں شدید متاثر ہیں، ڈیوٹی ڈاکٹر ماہر امراض چشم نہیں ہیں۔
درخواست میں عدالت کو بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں میں موتیا ہے اور وہ عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں، انہیں فوری مناسب اور بروقت طبی علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے کہا کہ جیل میں بشریٰ بی بی کے سیل سے 7 چھوٹے سانپ نکلے، جنہیں جیل کے عملے نے مارا۔درخواست میں کہا گیا کہ صفائی کی صورتحال خراب ہے، چوہے، کاکروچ اور کیڑے پھرتے رہتے ہیں۔وکلا نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت خراب ہے، انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔
10 نومبر کی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی خرابی کا بتایا۔وکلا نے موقف اختیار کیا کہ خود بشریٰ بی بی نے بتایا ڈاکٹر کہتے ہیں ان کی آنکھ کی سرجری ہوگی۔عدالت سے استدعا کی کہ بشری بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کیا جائے اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کروایا جائے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل سے ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ کے سربراہان یعنی چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام ایک کھلا خط ارسال کردیا، اس خط میں انہوں نے جیل کے اندر اپنی اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تشویشناک طبی حالت، طویل قیدِ تنہائی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف لکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف دیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق خط کے آغاز میں عمران خان نے واضح کیا کہ وہ اپنی آواز جیل کی بلند دیواروں سے باہر عوام اور عدالتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے یہ کھلا خط لکھنے پر مجبور ہوئے ہیں، انہیں مکمل طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 20 دسمبر 2025ء سے انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک سخت تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، نہ تو انہیں اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی وکلاء تک مناسب رسائی حاصل ہے، قید خانے میں انہیں مطالعہ کے لیے کتابیں اور خبروں کے حصول کے لیے ٹیلی ویژن کی سہولت تک سے محروم رکھا گیا ہے۔





