Roze News

آئندہ 12سے24 گھنٹوں کے دوران بارش اور بر فباری کا الرٹ جاری

آئندہ 12سے24 گھنٹوں کے دوران بارش اور بر فباری کا الرٹ جاری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارش اور برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے اورتیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں بھی جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میںبھی  ہلکی برفباری متوقع ہے جس سے سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا،تاہم خضدار اور لسبیلہ سمیت شمال مشرقی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے مزیدکہاگیاہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا،لیکن کراچی اور ملیر سمیت جنوبی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہاگیاہے کہ عوام بالائی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں،برفباری کے دوران ڈرائیونگ سے گریز کریں، سفر زیادہ ضروری ہو تو ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں،پہاڑی علاقوں کے سفر سے قبل موسمی صورتحال کا جائزہ ضرور لیں،خطرے سے دوچار علاقوں میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں،راستوں کی بندش کی صورت میں ٹریفک اہلکاروں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔