اٹلی کے مختلف شہروں میں اسکول ٹیچرز کو خطرناک ای میلز پیغامات بھیجے گئے
اٹلی کے 300 سے زائد اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ہنگامی طور پر متعدد تعلیمی اداروں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز پیغامات میں اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
یورپ میں گزشتہ چند روز سے سائبر حملوں اور دھمکی آمیز پیغامات کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے، جس کا تازہ نشانہ اٹلی کے مختلف شہروں میں واقع اسکولز کو بنایا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق روم، نیپلز، وِچینزا، فلورنس، پیسا اور ٹریئسٹے سمیت اٹلی کے کئی شہروں کے اسکولوں کو ای میلز کے ذریعے بھیجے گئے دھمکی آمیز پیغامات میں بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
ای میل میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمارت کے اندر ایک طاقتور دھماکا خیز آلہ نصب کیا گیا ہے، جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔
پیغام میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہم نے آپ کی وزیراعظم کی گاڑی کے انجن میں بھی بم نصب کر دیا ہے۔‘
اطالوی وزیر تعلیم جوزپے والڈیتارا نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ یورپ بھر میں پروازوں، سپر مارکیٹس اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے پیچھے ایک مربوط حکمت عملی دکھائی دیتی ہے۔
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اس معاملے پر صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزرا اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان کا اجلاس طلب کیا ہے۔
سوشل میڈیا جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’ان دھمکیوں کا بظاہر مقصد عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے۔‘
گزشتہ ہفتے بھی اٹلی کے ہوائی اڈوں اور یورپ کے دیگر ممالک کی ایئرلائنز کو بم حملوں کی متعدد جعلی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جن کے باعث خوف و ہراس، عمارتوں کے انخلا اور بڑے پیمانے پر سفری نظام میں خلل پیدا ہوا تھا۔
ان میں سے بعض دھمکیوں کی ذمہ داری ایک انتہا پسند گروہ نے قبول کی تھی، تاہم بعد میں اس گروہ نے ان دھمکی آمیز پیغامات سے کسی بھی تعلق کی تردید کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق بدھ کو ای میلز موصول ہونے کے بعد حفاظتی تدابیر کے تحت خالی کرائے گئے اسکولز میں کلیئرنس ملنے کے بعد حالات معمول پر آچکے ہیں۔
اٹلی میں پیش آنے والی اس صورت حال سے قبل شمالی آئرلینڈ کے 300 سے زائد اسکولوں کو بھی دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی تھیں جب کہ اسکاٹ لینڈ کے متعدد اسکولوں کو بھی اسی نوعیت کے پیغامات بھیجے گئے تھے۔





