ملزمان نے مین سپلائی لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر لیا، تیل چوری کرنے کیلئے سرنگ کھودی، 181 فٹ طویل زیرزمین پائپ لائن بچھا رکھی تھی، چوری کروڈ آئل کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی
راولپنڈی کے علاقے چکری روڈ پر نجی آئل کمپنی پی او ایل کی مین پائپ لائن سے فلمی انداز میں 181 فٹ طویل زیرِ زمین سرنگ کھود کر 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا خام تیل چوری کرنے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، راولپنڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع سے تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے 1 ہزار 431 لیٹر چوری شدہ تیل برآمد کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق چکری روڈ کے قریب رنیال کے علاقے میں ایک انتہائی منظم اور سائنسی انداز میں تیل چوری کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، ملزمان نے نجی آئل کمپنی پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ کی ہائی پریشر مین سپلائی لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا، ملزمان نے اس مکان سے لے کر کمپنی کی مرکزی سپلائی لائن تک 181 فٹ طویل زیرِ زمین سرنگ کھودی اور اس میں پائپ لائن بچھا کر کمپنی کی مین لائن پر کلپ لگا کر انتہائی ماہرانہ انداز میں کروڈ آئل چوری کرنا شروع کر رکھا تھا۔
پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر سے معلوم ہوا ہے ملزمان اس خفیہ اور پیچیدہ نیٹ ورک کے ذریعے مین سپلائی لائن سے مجموعی طور پر ایک ہزار 100 بیرل کے قریب کروڈ آئل چوری کر چکے تھے، ملکی مارکیٹ میں چوری کیے گئے اس خام تیل کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے بھی زائد بنتی ہے، کمپنی انتظامیہ کو سپلائی اور پریشر میں اچانک غیرمعمولی کمی محسوس ہونے پر شک گزرا جس کے بعد پولیس کو باضابطہ اطلاع دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر راولپنڈی پولیس نے چکری روڈ رنیال میں نشاندہی شدہ مکان پر اچانک چھاپہ مارا اور اندر سرنگ سے تیل چوری کرنے والے 3 ملزمان ممتاز، شوکت اور اکرام کو موقع پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، چھاپے کے دوران پولیس نے مکان میں بنائے گئے خصوصی زیرِ زمین ٹینک سے 1 ہزار 431 لیٹر چوری شدہ کروڈ آئل، پمپنگ مشینری اور کلپ برآمد کرکے قبضے میں لے لیے۔
بتایا جارہا ہے کہ تھانہ صدر بیرونی میں نجی آئل کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمد کی درخواست پر پٹرولیم ایکٹ اور چوری کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر میں گرفتار تینوں ملزمان کے علاوہ مکان کے نگران شاہ محمد، ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہد کو بھی اس کروڑوں روپے کے تیل چوری سکینڈل میں نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک کے خریداروں اور دیگر سہولت کاروں سے متعلق اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، ایس ایچ او تھانہ صدر بیرونی نے کہا ہے کہ کیس میں نامزد دیگر تمام فرار ملزمان اور اس تیل کو خریدنے والے گروہ کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





