Roze News

مریم نواز آج استعفیٰ دیں اور لاہور سے الیکشن لڑیں، ضمانت ضبط نہ ہو تو پھر کہنا، فواد چوہدری کا چیلنج

مریم نواز آج استعفیٰ دیں اور لاہور سے الیکشن لڑیں، ضمانت ضبط نہ ہو تو پھر کہنا، فواد چوہدری کا چیلنج

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

سیاسی استحکام ایک خواب بن کر رہ گیا، آج کسی کو معلوم ہی نہیں کہ ملک کون چلا رہا ہے، اِس وقت اہم ضرورت ہے، ہم نے سب سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے؛ سابق وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے تمام تر سیاسی بحرانوں کے حل کیلئے قومی حکومت کے قیام اور تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات پر روز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اِس وقت اہم ضرورت ہے، ہم نے سب سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام اس وقت ایک خواب بن کر رہ گیا ہے اور آج حالت یہ ہے کہ کسی کو معلوم ہی نہیں کہ ملک کون چلا رہا ہے، اس وقت ملک کے دو اہم شعبوں معیشت اور گورننس میں فوری بہتری لانے کی شدید ضرورت ہے، ملک کو نیا میثاقِ جمہوریت اور حکمرانی کا نیا فریم ورک درکار ہے، اسی لیے اس وقت تمام تر تلخیوں کو ختم کر کے قومی حکومت کا قیام وقت کی سب سے اہم اور بنیادی ضرورت بن چکا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے حکمران اتحاد پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شریف اور زرداری خاندانوں نے مل کر آپس میں ’ادھر ہم اور ادھر تم‘ کا فیصلہ کر لیا ہے، مریم نواز آج ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں اور لاہور سے الیکشن لڑ کر دکھائیں، اگر ان کی ضمانت ضبط نہ ہوئی تو پھر کہنا، ملک میں نئے صوبے تو بننے ہیں اور اس پر فیصلہ ہو چکا ہے، اب صرف یہ طے کرنا باقی ہے کہ یہ صوبے کس فریم ورک کے تحت بنیں گے، اگر سینیٹ کے انتخابات آ گئے تو پھر آئینی پیچیدگیوں کے باعث نئے صوبے بنانا ناممکن ہو جائے گا۔

معاشی انتظامیہ پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ روایتی سیاسی جماعتیں معاشی بہتری کے لیے درکار سخت فیصلے کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں، یہ جماعتیں کیش لیس اکانومی اور 5 ہزار روپے کے نوٹ کی بندش جیسے بڑے فیصلے کبھی نہیں کر سکتیں کیونکہ ان سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کے ذاتی و سیاسی مفادات ایسے فیصلوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے معیشت کے استحکام اور نئے صوبوں کے قیام کے اہم قومی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے اور ان سے باقاعدہ ملاقاتیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جمعیت علمائے اسلام ف کے ساتھ ہونے والے حالیہ معاملات اور واقعات کے بعد ملک میں سیاسی تلخیوں اور کشیدگی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، جسے صرف جامع سیاسی مذاکرات سے ہی کم کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ مرکزی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت جو پی ٹی آئی کی لیڈرشپ بنی بیٹھی ہے، اس کا تحریک انصاف کے نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ صرف ’ڈیلی ویجرز‘ کا ایک ٹولہ ہے، محمود خان اچکزئی یا علامہ ناصر عباس کا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کیا تعلق ہے؟ کوٹ لکھپت جیل کے اسیران اور واقعی قربانی دینے والے رہنماؤں کو تمام فیصلوں پر اعتماد میں لیا جائے۔