Roze News

جے یو آئی (ف) کی سینیئر قیادت سے منسوب جائیدادوں اور امان اللہ کے مالی معاملات پر تحقیقات تیز، ایف آئی اے کا نیا نوٹس

امان اللہ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے قریبی ساتھی امان اللہ کے مالی معاملات اور جائیدادوں کے حوالے سے تحقیقاتی اداروں نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے مختلف قانونی پہلوؤں پر چھان بین کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں کی ترجیح اسلام آباد کے سیکٹر جی-6/4 (ہاؤس نمبر 7، گلی 83) میں واقع ایک رہائش گاہ ہے۔ سرکاری ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ اس جائیداد کی ملکیت امان اللہ کے نام پر ہے، جنہوں نے 23 مئی 2019 کو یہ پراپرٹی 5 کروڑ روپے کی ظاہر کردہ رقم کے عوض اپنے نام منتقل کرائی تھی۔ ادارے اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا جائیداد کی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مقابلے میں کم دکھا کر ٹیکس اور دیگر واجبات میں کمی کی کوشش تو نہیں کی گئی۔ اس پراپرٹی کی ملکیت کی ٹریل 1966 سے مختلف افراد اور ایک گیسٹ ہاؤس کے ذریعے ہوتی ہوئی امان اللہ تک پہنچتی ہے۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کے کاروباری تعلقات اور اثاثے صرف ایک جائیداد تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ان کا نام ماؤنٹ حیات ہوٹل اینڈ رزارٹس، اسقا (ASQA) انٹرپرائزز، اچکزئی پراپرٹیز، اچکزئی ریئل اسٹیٹ، الوداق ایسوسی ایٹس اور ایم اعظم یونس اینڈ کمپنی جیسے اداروں سے بھی منسلک ہے۔ ایف آئی اے اور ایف بی آر اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا امان اللہ کے ظاہر کردہ ذرائع آمدن، اثاثوں اور طرزِ زندگی میں باہمی مطابقت موجود ہے یا نہیں۔ایف آئی اے نے امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی، منی لانڈرنگ اور مشتبہ نقد لین دین کے الزامات کے تحت انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے ان کا نام پی این آئی ایل/پی سی ایل لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے امان اللہ کو 2 اور 6 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے، تاہم ان دونوں تاریخوں پر عدم پیشی کے بعد 10 نومبر کا تیسرا نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔مزید برآں، سی ڈی اے نے سیکٹر جی-6/4 کی رہائش گاہ کے علاوہ گلبرگ گرینز اسلام آباد میں امان اللہ کے نام سے منسوب ایک اور جائیداد میں بلڈنگ بائی لاز اور تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

تحقیقاتی اداروں اور قانون سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ تمام معاملات کی شفافیت اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے متعلقہ افراد کو تحقیقاتی اداروں کے سامنے اپنا مکمل ریکارڈ پیش کرنا ہوگا، کیونکہ قانون کی نظر میں بلا تفریق یکساں عمل درآمد ضروری ہے۔