Roze News

ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع ہونے کا امکان انتہائی کم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ شروع ہونے کے امکان کو انتہائی کم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے بجائے ایک مضبوط معاہدے کو ترجیح دیں گے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ کا فیصلہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ آیا ایران امریکا کے ساتھ ایک مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے یا نہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ دوبارہ لڑائی شروع ہونے کا امکان بہت کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ دوبارہ کارروائی کرسکتے ہیں، لیکن اس وقت صورت حال مختلف ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف پہلے ہی انتہائی سخت فوجی کارروائی کی جاچکی ہے۔ ان کے بقول، امریکا نے ایران کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور اس کارروائی کی شدت کا اندازہ لگانا آسان نہیں۔امریکی صدر نے واضح کیا کہ دوبارہ جنگ شروع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ایران کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران ایک مضبوط معاہدے پر دستخط کرتا ہے تو صورت حال مختلف ہوگی۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے۔

جب وہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کرنے والے قطر کے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ہیں۔قطر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور ممکنہ معاہدے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تاہم ٹرمپ کے بیان سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ کسی نئے معاہدے پر اتفاق ہوچکا ہے یا مذاکرات میں کوئی حتمی پیش رفت ہوئی ہے۔