Roze News

ایران کے ساحلی شہروں بندر عباس اور قشم میں دھماکوں کی آوازیں

دھماکوں کی آوازیں

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

تہران: ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں نے ملک کے جنوبی علاقوں کے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ بندر عباس کے ساحلی علاقے اور جزیرہ قشم میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔


پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی خبر رساں ایجنسی فارس نے لکھا ہے کہ ان دھماکوں کی وجہ کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری رپورٹ جاری نہیں کی گئی، تاہم ایجنسی نے مقامی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ آوازیں آبنائے ہرمز سے بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں پر بطور انتباہ کی جانے والی فائرنگ کی ہو سکتی ہیں۔

بندر عباس اور قشم کے رہائشیوں نے بھی واحد آن لائن چینل کو براہ راست رپورٹس میں کم از کم چار دھماکوں کی اطلاع دی، بعض افراد نے دھماکوں کے بعد شدید جھٹکے یا لرزش محسوس ہونے کا بھی ذکر کیا۔ایک شہری نے واحد آن لائن کو بھیجے گئے پیغام میں دعویٰ کیا کہ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی تسنیم نے سیرک شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی، جبکہ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے کہا کہ یہ آوازیں بغیر اجازت آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں کی جانب فائرنگ سے پیدا ہوئی تھیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے قریب سمجھی جانے والی تسنیم نے اپنے ذرائع کے حوالے سے قشم میں حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کی تصدیق کی، تاہم ساتھ ہی کہا کہ دیگر علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں ایرانی فوجی دستوں کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں۔