Roze News

صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، ان کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں: گورنر فیصل کریم کنڈی

صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، ان کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں: گورنر فیصل کریم کنڈی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صحافت اور ریاست کا آپس میں گہرا تعلق ہے، ریاست اور معاشرے کی تعمیر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خیبرپختونخوا کے صحافیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، صحافیوں کو درپیش مالی مشکلات اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

پشاور میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو پشاور آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ صحافت اس وقت ایک غیر معمولی دور سے گزر رہی ہے، گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ نے اس شعبے کو کئی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے صحافیوں کے تحفظ اور سکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، صحافیوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردی سمیت متعدد سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ گزشتہ دورِ حکومت میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس انتہائی کم منعقد کیے گئے جبکہ صوبائی حکومت کے وزراء شہداء کے جنازوں میں شرکت کے لیے بھی نہیں پہنچے۔ وفاقی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے خیبرپختونخوا کو فنڈز فراہم کیے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ انتہائی مجبوری کے تحت کیا گیا، صوبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی کوششیں بھی کی گئیں۔ ہمارا مقصد تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر خیبرپختونخوا کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ صوبہ بنانا ہے۔ دہشت گردوں کا جلد خاتمہ کرکے صوبے میں پائیدار امن قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں اور صوبے کے حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔ پولیس کو درکار سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کی پولیس کے برابر لائی جا رہی ہیں۔ پولیس شہداء کے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے صوبے میں کیڈٹ کالج بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے لیے قابل احترام ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتا ہوں اور مثبت تنقید ہر کسی کا جمہوری حق ہے۔ جمہوریت میں سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی کی حد تک نہیں لے جانا چاہیے۔ جب اپنے مفادات پورے ہوں تو سب ٹھیک، بصورت دیگر سب غلط قرار دے دیا جاتا ہے۔

معدنیات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ معدنیات کے ٹھیکے پہلی ترجیح کے طور پر مقامی کمپنیوں کو دینا چاہتے ہیں جبکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جا رہی ہے۔ کوہاٹ کے علاقے شکردرہ میں غیر قانونی طور پر معدنیات نکالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل، صوبے میں امن و امان کے قیام، سرمایہ کاری کے فروغ اور خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔