Roze News

ڈیڑھ ایکڑ زمین کیلئے سسرالیوں نے بہو کا سر تن سے جدا کردیا

ڈیڑھ ایکڑ زمین کیلئے سسرالیوں نے بہو کا سر تن سے جدا کردیا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

بھارتی ریاست تلنگانہ میں خاندانی تنازع کے پر سسرالیوں نے 26 سالہ خاتون کا سر تن سے جدا کر دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ کٹراؤتھ سنیتا کی شادی تقریباً 10 سے 12 سال قبل کٹراؤتھ بلرام سے ہوئی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ شوہر کے ذہنی مسائل کی وجہ سے گاؤں کے بزرگوں نے ایک پنچائت میں طے کروایا تھا کہ بچوں اور خاتون کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیڑھ ایکڑ زرعی زمین سنیتا کے نام منتقل کی جائے گی۔

اس زمین کی منتقلی سسرال کے دیگر افراد کو ناگوار گزری، حال ہی میں جب سنیتا اس متنازع زمین کا دورہ کرنے گئی تو سسرالیوں نے اسے راستے میں ہی روک لیا، اسے اپنے گھر لے گئے اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے اس کا سر تن سے جدا کردیا۔

مقتولہ کے والد والیا نائک کی شکایت پر پولیس نے چار افراد؛ مانیا نائیک، پانڈو نائیک، پاروتی اور مانکیا نائیک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔