Roze News

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

سہیل آفریدی کو عمران خان کی حمایت اور اعتماد حاصل ہے، وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر بدستور برقرار رہیں گے، نئے وزیراعلیٰ کیلئے کوئی تجویز یا ایجنڈا پیش نہیں کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کا متن

چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت اور اعتماد حاصل ہے، لہٰذا پی ٹی آئی کی طرف سے وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر بدستور برقرار رہیں گے۔

ایکس پر جاری نوٹیفکیشن کے متن میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا میں موجودہ حالات کے پیشِ نظر، وضاحت اور تاکید کے مقصد سے تمام متعلقہ افراد کی اطلاع اور عمل درآمد کے لیے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے کہ سہیل آفریدی بدستور وزیراعلیٰ رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی حمایت اور اعتماد حاصل ہے۔

لہٰذا وہ پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہیں اور بدستور اسی عہدے پر برقرار رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ کی نامزدگی یا تبدیلی پر کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے تمام ارکان، عہدیداران، پارلیمنٹیرینز اور پارٹی کے ذمہ داران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی بھی نامزدگی، تبدیلی یا متبادل امیدوار پر غور کرنے کے حوالے سے نہ کوئی اجلاس بلائیں، نہ اس میں شرکت کریں، نہ کوئی ایجنڈا پیش کریں، نہ کوئی تجویز پیش کریں اور نہ کسی تجویز پر غور کریں، اور نہ ہی ایسی کسی بحث کی حوصلہ افزائی کریں یا نہ ہی اس میں حصہ لیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کی نامزدگی کا حتمی اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے اور اس بات کی واضح طور پر دوبارہ تاکید کی جاتی ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے علاوہ کسی دوسرے شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کسی متبادل امیدوار کو نامزد کرے یا اس فیصلے میں کسی بھی طریقے سے تبدیلی کرے۔ اس حوالے سے عمران خان کے فیصلے حتمی ہوں گے اور پارٹی کے تمام ارکان ان کے پابند ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر خان نے اپنے بیان میں نوٹیفکیشن سے متعلق کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمام اراکینِ صوبائی اسمبلی ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں خان صاحب کے ساتھ وفاداری نبھائی، ثابت قدم رہے اور ان کے ہر فیصلے پر لبیک کہا۔
تاہم سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر وزیر اعلیٰ سے متعلق جاری غیر ضروری قیاس آرائیوں اور مختلف بحثوں کے پیشِ نظر، مزید وضاحت اور پارٹی کارکنان و سپورٹرز کے اطمینان کے لیے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا جارہا ہے کہ ہماری پارٹی میں فیصلے صرف عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہی ہوتے ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی انہی کی ہدایات اور فیصلے حتمی اور مقدم رہیں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز بیرسٹر گوہر علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہاں تک سہیل آفریدی کا تعلق ہے وہ جہاں پر بھی ہیں ان کو لایا جائے، سہیل آفریدی آج بھی وزیراعلیٰ ہے وہ کل بھی وزیراعلیٰ تھے وہ آئندہ بھی ہمارا وزیراعلیٰ رہے گا ۔
اگر کسی کے ذہن میں کوئی خدشہ ہے تو اپنے ذہنوں نے نکال دے، اگر ضرورت پڑی تو میں پارٹی پلیٹ فارم سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حیثیت سے اس کا نوٹیفکیشن بھی کر دوں گا۔