وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر ملزم 2 گھنٹے میں گرفتار، ملزم کی عمر دیکھیں اور اس کے گھناؤنے فعل کو دیکھیں، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، مریم نواز شریف کا ردعمل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جنسی زیادتی کے گھناؤنے فعل میں ملوث ملزم 2 گھنٹے میں گرفتار کرلیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوٹ ادو میں کمسن بچی سے مبینہ زیادتی کے دل دہلا دینے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے صرف 2 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں ملزم کی کم عمری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملزم کی عمر دیکھیں اور پھر اس گھناؤنے فعل کو دیکھیں جو اس نے انجام دیا ہے۔ دل دہلا دینے والا واقعہ!
یاد رہے کوٹ ادو میں تھانہ سٹی چوک سرور شہید کی حدود میں 3 سالہ بچی “عروۃ الوثقی” کے ساتھ جنسی درندگی کا واقعہ پیش آیا۔ معصوم عروہ زندگی اور موت کی کشمکش میں نشتر اسپتال ملتان میں زیر علاج ہے، طبی معائنے سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔





